الوقت کی رپورٹ کے مطابق عراق کی عوامی رضاکار فورس کی کمان نے اعلان کیا ہے کہ فوج اور عوامی رضاکار فورس نے فلوجہ کے مضافات میں واقع الشیحہ، المعامل اور البو عرب کے اسٹریٹیجک پل پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ دوسری جانب عراقی فوج کی اعلی کمان نے اعلان کیا ہے کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے والی خصوصی فورس اور البو فہد قبیلے کے تعاون سے صوبہ الانبار کے صدر مقام الرمادی کے متعدد اہم علاقوں سے دہشت گردوں کا صفایا کرنے کی کاروائی شروع کر دی گئی ہے۔ اس سے قبل اس فورس نے الرمادی کے اولمپک کامپلیکس علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کر دیا تھا۔
صوبہ الانبار سے دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لئے فوج اور عوامی رضاکار فورس کی کاروائی شروع ہو چکی ہے اہل سنت کے سیاسی گروہوں نے پہلی بار براہ راست اس فوجی آپریشن کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ اس کارروائی میں عراق کے دس ہزار فوجی اہل کار اور عوامی رضاکار حصہ لے رہے ہیں۔