الوقت کی رپورٹ کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ سعودی لڑاکا طیاروں نے صنعا کے جبل النہدین علاقے اور ایک فضائی دفاع کے اڈے کو نشانہ بنایا ہے۔ آل سعود کی فضائیہ نے جمعے کے دن بھی کئی بار صنعا پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں الجراف علاقے میں چار عام شہری شہید جبکہ بارہ زخمی ہو گئے۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔
سعودی جنگی طیاروں نے صوبہ صعدہ کے شمال میں واقع تفرہد علاقے پر بھی بمباری کی جس کے نتیجے میں متعدد عام شہری شہید اور زخمی ہو گئے۔ الحدیدہ صوبے کے بیت الفقیہ علاقے پر سعودی فضائیہ کے حملوں میں دس عام شہری شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ اس حملے میں بھی متعدد بچوں کے مارے جانے کی خبر موصول ہوئی ہے۔
واضح رہے یمن پر سعودی عرب کے حملے گذشتہ چھبیس مارچ سے شروع ہوئے تھے اور آج تک جاری ہیں۔ ان حملوں میں یمن کے اسکولوں، اعلی تعلیمی مراکز، اسپتالوں اور تاریخی مقامات سمیت، متعدد اہم بنیادی تنصیبات تباہ ہوگئیں۔