الوقت- ایران کی امام خمینی (رح) امداد کمیٹی کی طرف سے غزہ میں جنگ کی وجہ سے بے گھر ہونے والوں کے درمیان امداد تقسیم کی جارہی ہے- امام خمینی (رح) امداد کمیٹی کی طرف سے غزہ کے شہریوں میں افطاری و سحری کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے- امام خمینی (رح) امداد کمیٹی کے کو آرڈینیٹر وائل کریزم نے غزہ میں کہا کہ ہم غزہ کے ضرورت مند لوگوں کی مدد کرنے والے ایران کے مخیر افراد اور امام خمینی امداد کمیٹی کا شکریہ ادا کرتے ہیں- امام خمینی امداد کمیٹی کے علاوہ ایران کی ہلال احمر سوسائٹی بھی اب تک غزہ کے لوگوں، خاص طور سے گزشتہ سال صیہونی حکومت کی جارحیت کا نشانہ بننے والوں کے لئے، انسان دوستانہ امدادی کھیپیں بھیج چکی ہے- گزشتہ سال موسم گرما میں غزہ پر ہونے والے اسرائیلی حملوں میں تقریبا" دو ہزار تین سو فلسطینی شہید اور گیارہ ہزار زخمی ہوئے تھے- اسرائیل کی اس جارحیت میں ہزاروں رہائشی مکانات اور تجارتی و مذہبی مقامات بھی تباہ ہوگئے تھے- اس کے باوجود عالمی برادری نے ان حملوں کے نتیجے میں تباہ ہوجانے والے علاقوں کی تعمیر نو کے اپنے وعدے پر ابھی تک عمل نہیں کیا ہے