الوقت -اطلاعات کے مطابق ترکی کی سرحد پر واقع شامی شہر تل ابیض کو کرد عوامی فورس نے داعش دہشت گردوں کے قبضے سے پوری طرح آزاد کرالیا ہے- کرد عوامی فورس نے داعش گروہ کے تکفیری دہشت گردوں سے کئی دن کی سخت مزاحمت کے بعد پیر کی شام دہشتگردوں کو شہر سے باہر نکال دیا۔کرد مزاحمت کاروں نے تل ابیض میں داخل ہونے کے بعد ترکی کے شہر آقچہ قلعہ اور تل ابیض کے درمیان واقع سرحدی گزرگاہ سے بھی دہشت گردوں کو پسپائی اختیار کرنے پر مجبور کردیا- شام کے کرد مزاحمت کاروں نے شام کے ایک اور شمال مشرقی شہر رقہ اور تل ابیض کے درمیان دہشت گردوں کی اہم سپلائی لائن کو بھی کاٹ دیا- ادھر شام کے شمالی شہر حلب میں شامی فوج اور دہشت گردوں کے درمیان لڑائی بدستور جاری رہنے کی اطلاعات ہیں- پیر کے روز دہشت گردوں نے حلب کے رہائشی علاقوں پر مارٹر گولے داغے تھے جس کے نتیجے میں ایک سو تیس سے زیادہ افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے تھے - دہشت گردوں نے حلب کے رہائشی علاقوں پر سو سے زیادہ میزائل اور مارٹر گولے داغے تھے- حلب شہر شامی فوج کے کنٹرول میں ہے