الوقت - شامی فوج کے ایک کمانڈر جو اس وقت تدمر شہر میں ہیں، داعش کے دہشت گردوں کے اس تاریخی شہر میں داخل ہونے کے دعوؤں کی تردید کی ہے۔
شامی فوج کے کمانڈر فؤاد خضور نے جو حمص کے مضافات میں واقع تدمر شہر کے اندر موجود ہیں، تاکید کی ہے کہ شہر میں پوری طرح امن و امان ہے۔
شام کی فوج کے اس کمانڈر نے تسنیم نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ وقت میں تدمر شہر پر پوری طرح فوج کا قبضہ ہے اور اس شہر پر داعش کی جانب سے قبضے کے بارے میں ہر طرح کی بیان بازیاں بے بنیاد ہیں۔
انہوں نے تاکید کی ہے کہ ہم اب بھی شہر کے مرکز میں ہیں اور شہر کے اصل اسکوائر پر ہماری رفت و آمد جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کچھ دیر پہلے ہی شام کے جنگی طیاروں نے رقہ کی جانب السخنہ علاقے میں داعش کی گاڑیوں کے کارواں پر حملہ کیا جس میں کارواں شامل تمام گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔
جنرل خضور نے کہا کہ موجود وقت میں شام کے جنگی طیارے الطار کے شمال مغربی علاقے کے وادی الذکارہ اور تدمر کے مشرقی اور شمالی علاقوں پر بمباری کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تدمر شہر میں داعش کے دہشت گردوں کا داخل ہونا نا ممکن ہے اور داعش نے جن علاقوں پر قبضہ کر لیا ہے ان کو اگلے کچھ گھنٹوں میں آزاد کرا لیا جائے گا۔