الوقت کی رپورٹ کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سابق سربراہ جنرل ریٹائرڈ محسن رضائی نے کہا کہ جنرل حسین ہمدانی نے پـچاس ہزار شامی جوانوں کو داعش دہشت گرد گروہ کے خلاف جنگ میں فوج کے شانہ بشانہ لڑنے کی تربیت دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کوئی فوج یا لشکر شام نہیں بھیجا بلکہ شام کے وطن پرست نوجوانوں پر مشتمل ایک طاقتور فوج قائم کردی۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر انچیف، جنرل حسین سلامی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد گروہوں اور صیہونی حکومت کے بارے میں ایران کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ صیہونی حکومت کی زندگی کا چراغ گل ہونے والا ہے اور جیسا کہ رہبر انقلاب اسلامی نے بھی فرمایا ہے ، اسرائیل آئندہ عشروں کے دوران دنیا کے نقشے سے مٹ جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ جنرل حسین ہمدانی شام میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوجی مشیر کی حثیت سے فرائض انجام دے رہے تھے۔ جمعرات کے دن دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر نے ان کو حلب شہر کے مضافات میں شہید کر دیا۔